رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، وزیراعلیٰ پنجاب

رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، وزیراعلیٰ پنجاب
کیپشن: رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، وزیراعلیٰ پنجاب
سورس: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انتظامیہ اور پولیس کو قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سے وزیر قانون، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے ملاقات کر کے امن و عامہ کی صورتحال بارے بریفنگ دی اور وزیراعلیٰ نے ٹریفک بحال کرنے پر انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی فرض شناسی کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ راستے بند ہونے سے عوام خصوصاً بوڑھوں، بیماروں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، میں ذاتی طور پر عوام سے معذرت خواہ ہوں، عوام کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، راستے بند کرنا قابل مذمت اقدام ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کی ذاتی طور پر رات بھر سے مانیٹرنگ اور احکامات جاری کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور انتظامیہ کی بروقت کارروائیوں سے بیشتر راستے بحال ہو چکے ہیں اور معمولات زندگی کی مکمل بحالی تک نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ 

خیال رہے کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راول پنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

احتجاج کے باعث متعدد اہم شاہراہیں بند ہیں اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ رش میں متعدد گاڑیاں اور ایمبولینسیں بھی پھنسی ہیں۔ کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے باعث متعدد پولیس اہلکار اور ٹی ایل پی کارکنان بھی زخمی ہوئے۔ پولیس نے 100 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔