لاہور: جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لئے خوشخبری، پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے آبادی کے تناسب سے سرکاری ملازمتوں میں 32 فیصد کوٹہ مختص کیا جائیگا۔ جنوبی پنجاب کے لیے کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ وزراء کمیٹی برائے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تیسرے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لیے مخصوص کوٹہ کی صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ ملتان میں سول سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب کی سنگ بنیاد کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن سے پہلے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا وعدہ کیا تھا۔
عثمان بزدار نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کیلئےمحنت کرنی پڑی۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ وعدے کی جانب پہلا قدم ہے۔ جنوبی پنجاب صوبہ بھی ہم ہی بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں متی تل روڈ پر جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ ملتان میں جنوبی سیکریٹریٹ 500 کنال اراضی پر محیط ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ سیکریٹریٹ کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے۔ سیکریٹریٹ میں دفاتر، رہائش گاہیں، سی ایم آفس، مسجد کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ سیکریٹریٹ کی عمارت 5 منزلہ ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے کام کے سلسلے میں لاہورنہیں آنا پڑے گا۔ جنوبی پنجاب کے رہائشیوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔