حوصلے پست نہیں ہوئے،کم بیک کریں گے:حسن علی

02:00 PM, 13 Apr, 2021

سنچورین:پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر حسن علی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کے ہاتھوں دوسرے ٹی20 میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور میزبان ٹیم کو تیسرے ٹی20میچ میں شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں جاندار کم بیک کرے گی۔

اپنے ایک بیان میں حسن علی نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے ہاتھوں دوسرے ٹی20 میچ میں 6 وکٹوں کی شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے ، تیسرا میچ جیت کر سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ابتدائی دو میچز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔

حسن علی نے کہا کہ وہ تیسرے میچ میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے پروٹیز کے خلاف تیسرے میچ کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ 26 سالہ حسن علی نے کہا کہ تیسرے میچ میں مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کے لئے میدان میں اتریں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان چار میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹی20 میچ  بدھ کو سنچورین میں شیڈول ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز 1۔1 سے برابر ہے۔پہلا میچ پاکستان جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزیدخبریں