اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہائبرڈ حکومت ناکام ہوگئی ۔اس کا جتناجلد اعتراف کرکے حکومت چھوڑدیں ملک کے لیے بہتر ہوگا۔ ملک میں نہ احتساب ہے نہ انصاف ۔ وہ دن دور نہیں جب جھوٹ بولنے ، ملک لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجرموں کو بچانا اور دوسروں کی پردہ پوشی کرنا یہ احتساب کا نظام ہے ۔ نیب کے اپنے اربوں روپے کھائے گئے ، اس پر کمیشن بنا لیکن سب کو بری کر دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن چوری ہوا ، ہائیبرڈ حکومت بنی ناکام ہو گئی ۔ ملک میں مہنگائی بڑا مسئلہ ہے ۔ وزیراعظم روز تقریر کرتے ہیں لیکن پھر بھی ہر چیز کے دام بڑھ رہے ہیں ۔ مشکلات اس طرح حل نہیں ہوں گی ، ملک کو آئین کے مطابق چلائیں اور کوئی حل نہیں ۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد احتساب کے معاملات سب کے سامنے ہیں ، حکومت ناکام ہو چکی ، اس بات کا جلد اعتراف کرلینا چاہیے ۔چینی پر 600 ارب روپے عوام کی جیبوں سے نکالے جا رہے ہیں ، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن کوئی جوابدہ نہیں ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب احتساب کرنے والوں کا حساب ہو گا ۔ ملک میں کرپشن نیب کو نظر آتی ہے نہ کسی اور کو ، آج احتساب کا واحد مقصد دوسروں پر الزام لگانا ہے ۔