لاہور:ایف آئی اے لاہور نے چینی اسکینڈل کیس کی تحقیقات میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور علی ترین کو آج پھر طلب کرلیا۔ایف آئی اے نے دونوں سے آٹھ سوالوں کے جواب مانگ رکھے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق ایف آئی اے کے نوٹس میں کہا گیا کہ فارمز کی تمام مشینری کی اصل رسیدیں جمع کرائیں۔ جے کے فارمز کی 35 ہزار ایکڑ کے رقبے کے ثبوت جمع کرائیں، ایم سی بی کی رپورٹ جمع کرائیں، مشینری اور 35 ہزار ایکڑ رقبے کی تخمینہ رپورٹ جمع کرائی جائیں۔
برطانیہ میں خریدی گئی جائیدادوں کی منی ٹریل دیں۔پی ٹی آئی رہنما کمپنی سیکرٹری کے ذریعے بھی جواب جمع کرا سکتے ہیں۔جہانگیر ترین اور علی ترین کی کمپنیوں کے چیف فنانشل افسران اور سیکرٹری بھی جواب جمع کرا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین گزشتہ ہفتے بھی ایف آئی اے میں پیش ہوئے تھے لیکن ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم ان کے جوابات سے مطمئن نہیں ہوئی۔ اس لیے انہیں آج دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔
جہانگیر ترین اور علی ترین نے بینکنگ کورٹس سے 17 اور سیشن کورٹ سے 22 اپریل تک عبوری ضمانت قبل از گرفتاری بھی کرارکھی ہے۔جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ مجھے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم متعصبانہ رویہ رکھتی ہے۔