پی ڈی ایم کا اجلاس طلب،پی پی اور اے این پی کو نہیں بلایا گیا

08:33 AM, 13 Apr, 2021

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے امیر اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پی ڈی ایم کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا۔ پی ڈی ایم کا اجلاس مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ہوگا۔

نیو نیوز کے مطابق اجلاس میں 8 اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم کے اجلاس میں پیپلز پارٹی اور اے این پی کو مدعو نہیں

کیا گیا۔اجلاس میں اے این پی اور پیپلز پارٹی کے پی ڈی ایم سے نکلنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں غور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزپاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ اپوزیشن کے خلاف اپوزیشن کی سیاست کی مزاحمت کرتے ہیں۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوٹس دینے کا فیصلہ پی ڈی ایم کا تھا کسی ایک جماعت کا نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوٹس کے ردعمل پر کیا طے کرنا ہے، یہ مولانا فضل الرحمٰن کی دانشمندی اور قیادت پر چھوڑتے ہیں، بلاول بھٹو کے خط کا جواب مولانا دیں گے، پی ڈی ایم میں بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔

علاوہ ازیں شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرا خط پھاڑکر پھینکا گیا ہے تو میرا جواب بھی ہے خدا حافظ۔انہوں نے کہا کہ جو جماعت اپنی زبان سے پھر جائے وہ پی ڈی ایم میں نہیں رہ سکتی، پیپلز پارٹی ہمیں وضاحت دیتی اور اپنی مجبوری بتاتی کہ اسے کرسی چاہیے تھی۔

مزیدخبریں