نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ اور دونوں صاحبزادیوں کو بلا لیا

03:37 PM, 13 Apr, 2019

لاہور: شریف فیملی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اثاثہ جات کیس میں شریف خاندان کیخلاف تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا۔ نیب لاہور نے شہباز شریف کی اہلیہ اور دونوں صاحبزادیوں کو بھی بلا لیا۔

نیب لاہور نے نصرت شہباز کو 17 اپریل کو طلب کر لیا۔ حمزہ شہباز کو آئندہ ہفتہ 2 دن کیلئے تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

چنیوٹ نالہ کیس میں 15 اپریل اور آمدن سے زائد اثاثہ جات میں 16 اپریل کو طلب کیا گیا۔ اثاثہ جات کیس میں 18 اپریل کو رابعہ شریف اور 19 اپریل کو جویریہ شریف کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں چیئرمین نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز شریف کے خلاف باقاعدہ انوسٹی گیشن کی منظوری دیدی جس کے بعد نیب لاہور نے نصرت شہباز کو 17 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ شہباز شریف نے اپنی اہلیہ نصرت شہباز کو کروڑوں روپے مالیت کے اثاثے تحفے میں دئیے اور شہباز شریف نے اپنی اہلیہ کو 5 کروڑ 57 لاکھ 72 ہزار کی رقم تحفے میں دی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے یہ رقم 2013 سے 2018 کے درمیان مختلف ٹرانزیکشن کے زریعے منتقل کی گئی۔ نصرت شہباز 12 کمپنیوں میں 69 لاکھ 56 ہزار 500 شئیرز کی مالک ہیں جبکہ 96 ایچ ماڈل ٹاون اور مری کی رہائش نصرت شہباز کے نام ہیں اور نصرت شہباز کے نام قصور اور فیروز والا میں 810 کنال قیمتی زمین ہے۔ نیب کی جانب سے نصرت شہباز کی طلبی پر ان معاملات سے متعلق سوالات کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں