خرطوم:سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ عود ابن عوف نے صدرعمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی عوامی مظاہروں کے دوران اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔ انھوں نے لیفٹینینٹ جنرل عبد الفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کیا ہے۔
احتجاج کرنے والے مظاہرین نے سڑکیں چھوڑنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا تھا کہ تختہ الٹنے والے افراد عمر البشیر کے بہت قریبی لوگ ہیں۔
مظاہرے کی سربراہی کرنے والی تنظیم سوڈان پروفیشنل ایسوسی ایشن نے کہا کہ عود ابن عوف کے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ مظاہرین کی فتح ہے۔مظاہرین گھر لوٹنے سے قبل اقتدار سویلین ہاتھوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔