مظفرآباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ستر سال سے کشمیر کا مقدمہ لڑ رہا ہے، مقبوضہ کمشیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی بند ہونی چاہیے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
نیلم جہلم منصوبے کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ منصوبے کی تعمیر میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، لوگ کہتے رہے یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوگا۔ مشکلات کے باوجود منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا، نیلم جہلم منصوبہ پاک چین دوستی کا شاہکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری کا بوجھ ان لوگوں پر پڑتا ہے جو بل ادا کرتے ہیں، بجلی ہمارے سسٹم میں موجود ہے، لوڈشیڈنگ ان علاقوں میں ضرور ہوگی جہاں بجلی چوری ہوگی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری حکومت مسائل حل کرنا جانتی ہے، ہماری حکومت نے موٹر ویز اور ہائی ویز بنائے ہیں، ہم نے صرف باتیں نہیں کیں، کام کر کے دکھایا ہے۔ تنقید کرنے والے تنقید کریں گے ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ بجلی پوری اور سستی ہو۔