لاہور: پنجاب رینجرز کے کرنل امجد اقبال نے خبردار کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان (نیپ) کے تحت اسلحہ کی نمائش اور ذاتی سیکیورٹی کے لیے غیر قانونی سیکیورٹی گارڈز کو رکھنا ممنوع ہے۔ کرنل امجد اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سرکاری طور پر رجسٹرڈ اداروں کی جانب سے مہیا کردہ سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پنجاب رینجرز پولیس کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ سیکیورٹی کی مد میں غیر قانونی طور پر آرمی، سول و عسکری اداروں اور پولیس کی وردی رکھنے اور استعمال کرنے کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پریس کانفرنس کے دوران کرنل امجد نے پنجاب رینجرز کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ آپریشنز کی تفصیلات بھی میڈیا کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو حالیہ آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
کرنل امجد کے مطابق آپریشن کے دوران شدت پسندوں کی فائرنگ سے پنجاب رینجرز کا حوالدار خالد زخمی بھی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے چار خودکش جیکٹس، ایک راکٹ لانچر، چھ راکٹ، چھ ڈٹیکٹرز، چار چارجڈ بوسٹرز اور 18 دیگر اقسام کا اسلحہ برآمد ہوا۔
کرنل امجد نے بتایا کہ شیخوپورہ، سمبڑیال اور خاریاں میں بھی آپریشن کیے گئے جس کے نتیجے میں 6 مشتبہ دہشت گرد گرفتار ہوئے اور ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب رینجرز دیگر اداروں کے ساتھ مل کر تمام حساس علاقوں میں آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں