ممبئی: بھارت کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈز نیشنل فلم ایوارڈز کی جج صاحبان نے اکشے کمار کو فلم رستم کے لئے سال کے بہترین اداکارکا ایوارڈ دیا ہے لیکن کچھ لوگوں نے کھلاڑی کی اس جیت کی وجہ ایوارڈز کا اعلان کرنے والی جیوری کے سربراہ پریا درشن سے دوستی کو قرار دیا ہے لیکن اکشے کمار اور پریا درشن نے ان باتوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں جب اکشے سے ان کے ایوارڈ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں بھارتی فلم انڈسٹری میں 25 سال سے ہوں اور اس طویل عرصے کے دوران میں نے کبھی فلم یا ایوارڈ کے لئے کسی سے مدد کی بھیک نہیں مانگی۔
دوسری جانب پریا درشن نے کہا کہ اکشے کمار اس ایوارڈ کا حقدار تھا اور ہم نے اس کو دیا۔ جہاں تک جانبداری کی بات ہے تو ایوارڈز کا اعلان کرنے والی جیوری میں میرے ساتھ 38 دیگر رکن بھی شامل تھے۔ کوئی بھی شخص اتنے سارے لوگوں کے فیصلے پر کس طرح سوال اٹھا سکتا ہے۔
اگر ایسا ہے تو گزشتہ برس اس جیوری کی سربراہ رمیش سپی تھے جن کے امیتابھ بچن سے تعلق کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ اکشے کے ایوارڈ پر بات کرنے والے اس وقت کیوں خاموش تھے جب امیتابھ بچن کو پیکو کے لئے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں