گڈ فرائیڈے محبت، رواداری،امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، خلیل طاہر سندھو

03:46 PM, 13 Apr, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور :  صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ گڈ فرائیڈے کا دن ہمیں مشکل حالات میں صبر و تحمل اور برداشت کا رویہ اپنانے اور محبت، امن وبھائی چارے کا پیغام پھیلانے کا درس دیتا ہے۔گڈ فرائیڈے کے موقع پر مسیحی برادری کے نام اپنے پیغام میں خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ آج)گڈ فرائیڈے) کے دن پاکستان کے تمام گرجا گھروں میں پوری انسانیت کی بھلائی ، وطن عزیز کی سلامتی ،خوشحالی اورا من و استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔

انہوں نے مسیحی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں ہم عزم کریں کہ حضرت عیسیٰ کی تعلیمات کی روشنی میں دنیا کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور تمام عقائد اور مکاتب فکر کے لوگوں کے ساتھ مل کر معاشرے میں دائمی امن کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے۔گڈفرائیڈے کے موقع پر مسیحی برادری صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کرے گی اور مسیحی روایات کے مطابق اس دن کو انتہائی مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ سے منائے گی۔

مزیدخبریں