اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جگہ لینے کا الزام لگا دیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کی قیادت خاص طور خیبرپختونخوا کے رہنما نہیں چاہتے کہ بانی پی ٹی آئی باہر آئیں، علی امین گنڈاپور خود عمران خان کی جگہ لینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین چار دیواری میں الگ زبان استعمال کرتے ہیں اور اسٹیج پر آکر مولا جٹ بن جاتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں تو وہ پوری شوگر مل بنے ہوئے تھے۔بانی پی ٹی آئی کبھی حکمت عملی کے تحت گھی شکر ہوجاتے ہیں تو کبھی منہ سے آگ برساتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں گنڈاپور کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ان کے کام آئیں گے، یہ سب ایک دوسرے کو استعمال کررہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات میں گنڈاپور کے بیان پر کھڑے رہنے کا گواہ کوئی نہیں یہ صرف ان کا اپنا بیان ہے۔