اسلام آباد :مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے طنز کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ الیکشن سے نہیں بھاگ رہے، 90 دن میں انتخابات کےلیے تیار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے نجی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن سے نہیں بھاگ رہے، 90 دن میں انتخابات کےلیے تیار ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ صدر علوی کو الیکشن کی تاریخ دینے کا آئینی اختیار نہیں، انہوں نے الیکشن کی تاریخ دی تو یہ بدنیتی ہوگی۔
ہم نے تو ساڑھے تین سال کہا الیکشن کرائیں۔ کل الیکشن کرادیں، ہم کل بھی الیکشن کے لیے تیار ہیں۔کیا ہم الیکشن شیڈول کا اختیار صدر یا سپریم کورٹ کو دے دیں۔ صدر مملکت اب پالیسی معاملات نہ چھیڑیں۔
مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا ناقابل اعتبار قرار دیا۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی (پی) سے اور سندھ میں پیپلز پارٹی سے انتخابی اتحاد کے امکان کو مسترد کردیا۔جے یو آئی سربراہ نے واضح الفاظ میں کہا سندھ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور ن لیگ سے اتحاد ہوسکتا ہے، ان سے رابطے بھی ہیں۔
ہم نے 16 ماہ میں ملک کو قرض اور ڈیفالٹ سے بچایا۔ پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی دوسری بڑی قوت تھی۔ جب ہم پارلیمنٹ کی طرف آگئے تو ہماری مجبوریاں مختلف ہوگئیں۔ میں نے کہاکہ اگر مدت پوری کرنے والی حکومت سنبھالی تو ملک نہیں اٹھاسکیں گے۔
میں نے کہا تھا ملک کمزور ہوچکا،معیشت کمزور ہوچکی، ہم ملک کو نہیں اٹھاسکتے۔ہماری کچھ سیاسی غلطیوں کی وجہ سے تحریک انصاف کو فائدہ ہوا۔ جب پی ٹی آئی کا گراف نیچے تھا ہم کہہ رہے تھے کہ الیکشن کی طرف جائیں، ہم الیکشن کی بجائے پارلیمنٹ کی طرف آگئے۔پارلیمنٹ کی طرف آئے توپھر ہم مدت پوری کرسکتے تھے الیکشن نہیں کراسکتے تھے۔