کراچی: ملیریا سے اس سال سندھ میں ہونے والی ہلاکت کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں مٹھی سے تعلق رکھنے والے 12 سال کے بچے کا ملیریا سے انتقال ہوا ہے۔ ملیریا سے متاثرہ لڑکا مٹھی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھا۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک سندھ میں 3 لاکھ سے زائد افراد ملیریا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکت کا یہ پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
دوسری جانب ملک کے متعدد حصوں میں ڈینگی میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ روز 30 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ راولپنڈی میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد391 ہو گئی ہے جس کے زیرِ علاج 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈھوک منشی، چکلالہ، خیابانِ سرسید، راولپنڈی کینٹ کے علاقے ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ڈھوک سیداں، گرجا روڈ، پوٹھوہار اور راول ٹاؤن کے علاقے بھی ڈینگی سے متاثر ہیں۔