سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعظم فواد حسن فواد وفاقی وزیر مقرر

سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعظم فواد حسن فواد وفاقی وزیر مقرر
سورس: File

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فواد حسن فواد کو نگران وفاقی کابینہ میں وزیر مقرر کر دیا۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے فواد حسن فواد کی تقرری نگراں وزیر اعظم انوار لحق کاکڑ  کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 224  اے ون  کے تحت کی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ابھی انہیں کوئی ذمہ داری نہیں سونپی گئی۔ اس حوالے سے فواد حسن ٖفواد کا کہنا ہے کہ میں کل نگران وزیر اعظم سے ملاقات کروں گا،  مجھے جوبھی ذمہ داری ملےگی، ایمانداری اور محنت سے پورا کرنے کی کوشش کرونگا۔

انہوں نے کہا کہ میرا ماضی گواہ ہے ہمیشہ ایمانداری اور محنت سے قومی مفاد میں کام کیا ہے، آئندہ بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کروں گا اور اپنی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق کام کروں گا۔

فواد حسن فواد گریڈ 22 سے ریٹائرڈ ہونے والے بیوروکریٹ ہیں۔ وہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے دور میں کم و بیش چار سال تک اور بعد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے تقریباً ایک سالہ دور میں پرنسپل سیکریٹری کے عہدہ پر فائز رہے۔ 


اس سے قبل 2013 کے اوائل تک وہ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کے دور میں صوبے کے مختلف محکموں کے سیکریٹری کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیتے رہے۔ ان کی شہرت انتظامی صلاحیتوں کے مالک بیوروکریٹ کی رہی۔


نواز شریف دور میں وہ طاقتور ترین بیوروکریٹ سمجھے جاتے تھے یہاں تک کہ ن لیگ کے وزرا اور ارکان بھی ان سے تنگ تھے اور انہیں نواز شریف اور اپنے درمیان ایک دیوار تصور کرتے تھے۔  فواد حسن فواد شریف برادران کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔


سنہ 2018 میں قائم ہونے والی نگراں حکومت نے انہیں سول سروس اکیڈمی لاہور کا ڈی جی مقرر کیا۔  


یاد رہے کہ نیب نے لاہور میں آشیانہ ہاؤسنگ سکیم سکینڈل کی تفتیش شروع کی تو فواد حسن فواد پر یہ الزام لگایا کہ شہباز شریف کے ساتھ ملک کر انہوں نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت اس منصوبے کا ٹھیکہ منظورشدہ فرم کو دینے کے بجائے دوسری فرم کو دلوانے کی کوشش کی تھی۔   فواد حسن فواد 89 دن تک ریمانڈ پر نیب کی حراست میں رہے اس کے بعد انہیں کیمپ جیل لاہور میں بھیج دیا گیا۔


16 ماہ کے بعد 20 جنوری 2020 کو لاہور ہائی کورٹ سے ان کی ضمانت منظور ہوئی تو اس سے دس دن قبل 10 جنوری 2020 کو وہ 60 سال کی عمر پوری ہونے پر سرکاری ملازمت سے ریٹائرڈ ہو چکے تھے۔ 


جنوری 2023 نے انہیں ناجائز اثاثہ جات بنانے کے جرم سے باعزت بری کر دیا گیا۔  


فواد حسن فواد نے بری ہونے کے بعد  یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ان پر شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔فواد حسن فواد شاعر بھی ہیں اور ان کی کتاب 'کنج قفس' بھی شائع ہو چکی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں