اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی حکومت گرانے کی سازش میں ملوث دو ریٹائرڈ فوجی افسران کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے سزائیں برقرار رکھی ہیں۔
سپریم کورٹ نے کرنل (ر)آزاد منہاس اور کرنل (ر) عنایت اللہ کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں خارج کر دی ہیں، سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر 15 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جو سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر نے پڑھ کر سنایا۔
فیلڈ کورٹ مارشل نے آزاد منہاس کو 2، عنایت اللہ کو 4سال قید بامشقت اور برطرفی کی سزا سنائی تھی۔ دونوں سابق فوجی افسران پر 1995 میں بینظیر بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کے الزام تھا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ سے درخواستیں مسترد ہونے کے بعد 2016ء میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیاتھا۔