ڈارٹ نامی اسپیس کرافٹ زمین کو سیارچے سے ٹکرانے سے بچائے گا

07:35 PM, 12 Sep, 2022

واشنگٹن :   ڈبل ایسٹرائیڈ ری ڈائریکٹ ٹیسٹ (ڈارٹ) نامی اسپیس کرافٹ  زمین کو  کسی دوسرے  سیارے سے ٹکرا کر تباہ ہونے سے بچائے گا ۔

ناسا کے مطابق یہ اسپیس کرافٹ 26 ستمبر کو ڈیمورفس نامی سیارچے سے ٹکرائے گا۔  ڈارٹ مشن کو نومبر 2021 میں روانہ کیا گیا تھا اور اس کا مقصد مستقبل میں انسانیت کے لیے خطرہ بننے والے کسی سیارچے کو زمین سے ٹکرانے سے روکنے کے نئے نظام کی آزمائش کرنا ہے۔

ناسا کا کہنا ہے کہ ڈیمورفس سیارچہ زمین کے لیے خطرہ نہیں  ہے ۔ تاہم یہ نئے نظام کی پہلی آزمائش ہے۔  اس مشن سے یہ تعین کرنے میں مدد ملے گی کہ کسی اسپیس کرافٹ کو کسی سیارچے سے دانستہ طور پر ٹکرانا اس کے راستے کو بدلنے میں کس حد تک مدد فراہم کرسکتا ہے۔

مشن کی کامیابی کے بعد مستقبل میں بھی  اسپیس کرافٹ  کو ایسے سیارچوں سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جائے گا جو زمین کی جانب بڑھ رہے ہوں گے۔ ڈارٹ مشن کے ٹکرانے کے بعد یورپین اسپیس ایجنسی کا ایک اسپیس کرافٹ اس سیارچے کی جانب پرواز کرکے ٹکراؤ کے اثرات کی جانچ پڑتال کرے گا۔اسپیس کرافٹ  سیارچے سے اس وقت ٹکرائے گا جب وہ زمین سے ایک کروڑ 10 لاکھ کلومیٹر   کے فاصلے پر ہوگا۔

ناسا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈارٹ مشن کے اس ٹکراؤ کو لائیو اسٹریم کے ذریعے دکھایا جائے گا۔
 
 
 

مزیدخبریں