فیصل آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ق لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی سے ناراض ہیں اور انہوں نے چودھری شجاعت حسین سے رابطہ کرلیا ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں راجہ ریاض نے کہا کہ ق لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی نے چودھری شجاعت کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ ق لیگ کے ایم پی ایز کوئی بھی وزارت نہ ملنے پر ناراض ہیں اگر وہ اپنی بات پر قائم رہے تو پرویز الہٰی کی وزارت بچنا مشکل ہے۔
راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2 بار معافی مانگنے کا موقع دیا لیکن انہوں نے معافی نہیں مانگی اب فرد جرم عائد ہوگی جس کے بعد ان کا ٹرائل ہوگا۔ عمران خان کا سزا سے بچنا مشکل ہے۔