لاہور: ملک بھر میں آٹا سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمت پر فروخت ہونے لگا ۔ جہاں موجود ہے وہاں دن بھر لائنوں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بیس کلو گرام آٹا 2300 روپے میں فروخت ہونے لگا ۔ خیبرپختونخوا میں بھی صورتحال پریشان کن ہے ، پشاور میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 2050 روپے تک کا ہوگیا ہے ۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فلور ملزم ایسوسی ایشن نے سرکاری گندم کا کوٹہ نہ ملنے پر احتجاج کیا ہے ۔ پنجاب سے آٹے کی ترسیل میں مشکلات کے باعث قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔
پنجاب میں بھی چکی کا آٹا ایک سو دس روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے ۔ 15 کلو کا تھیلا ساڑھے تیرہ سو کا ہوگیا ہے ۔ فیصل آباد میں 15 کلو تھیلے کی قیمت 1500 روپے ہے ۔ کراچی میں بھی آٹے کا بحران ہے ۔ فی کلو 120 روپے اور دس کلو کا تھیلا 1200 روپے کا بیچا جارہا ہے ۔
واضح رہے کہ ابھی گندم کی فصل کاشت کرنے کا وقت بھی نہیں آیا کہ ملک بھر میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ دیہی علاقوں میں لوگ سال بھر کی گندم ذخیرہ کرتے ہیں ، حالیہ بارشوں اور سیلاب میں گندم کے ذخیرے بھی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں ۔ جان بچا کر خالی ہاتھ محفوظ مقام پر پہنچنے والے کروڑوں افراد کو اب بھوک اور غذائی قلت کا سامنا ہے ۔