لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان ملک دشمن اور بے حس ٹولے کا سردار ہے ۔ اُن کو جلسوں کی بجائے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہئے ۔
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے ۔ سیلاب اور بارشوں سے کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ریسکیو ادارے متاثرین کی بحالی کیلئے کرادار ادا کر رہے ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کو ڈرامے بازی کرنا کیا زیب دیتا ہے؟
عمران خان کے اداروں کیخلاف بیان بازی پر گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ ایک لیڈر مسلسل حکومت پر حملے کر رہا ہے تاکہ وہ کام نہ کر سکے ۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کا پروگرام خراب کرنے کی کوشش کی ، شوکت ترین نے ملک کو ڈیفالٹ کرانے کی شرمناک حرکت کی ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اپنے وسائل سیلاب زدگان کیلئے استعمال کریں ۔ عمران خان سیلاب متاثرین کی امداد کے بارے میں افواہیں پھیلا رہے ہیں ۔