لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں ہمیں جو کامیابی مل رہی ہے وہ عوام کے مسلم لیگ (ن) پر بھروسے اور یقین کا ثبوت ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں ںے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عوام کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن ) پر اعتماد کرنے پر اظہار تشکر کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جو کامیابی مل رہی ہے عوام کا مسلم لیگ (ن) پر بھروسے اور یقین کا ثبوت ہے۔
اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اپنے ووٹ کے ذریعے اعتماد کا اظہار کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یقین دلاتے ہیں کہ عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور ان کی مشکلات اور مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 12, 2021
انہوں نے کہا کہ کامیاب امیدواروں کو مبارک دیتا ہوں، ٹیم پی ایم ایل این، کارکنان، سپورٹرز اور ووٹرز کو خراجِ تحسین اور مبارک پیش کرتا ہوں، ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی امیدوں اور توقعات پر پورا اتریں گے، ہم پوری محنت، منصوبہ بندی اور جذبے سے عوام کی خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔
خیال رہے کہ ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پہلے ،مسلم لیگ ن دوسرے اور آزاد امیدوار تیسرے نمبر پر ہیں ۔
نیو نیوز کے مطابق ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں 219 وارڈز ہیں، 7 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں ، کامرہ کے 5 میں سے 4 وارڈز میں حلقہ بندی کے تنازع کے باعث الیکشن نہیں ہوا جب کہ راولپنڈی اور پنوں عاقل کے ایک ایک وارڈ میں بھی امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخاب ملتوی کئے گئے ہیں اور اس طرح اب صرف 206 سیٹوں پر پولنگ ہوئی۔
اب تک 195 نشستوں کا رزلٹ آگیا ہے۔ پی ٹی آئی 62 سیٹس کے ساتھ پہلے ، مسلم لیگ ن 52 کے ساتھ دوسرے اور آزاد امیدوار 49 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ پیپلز پارٹی کی 13 ، ایم کیو ایم کی 10 اور دیگر جماعتوں کی 9 نشستیں ہیں۔
مجموعی طور پر ایک ہزار 559 امیدوار میدان میں ہیں، سب سے زیادہ 180 امیدوار پی ٹی آئی نے میدان میں اتارے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے 143، پیپلز پارٹی 112، جماعت اسلامی 104، کالعدم تحریک لبیک پاکستان 86، اللہ اکبر تحریک کے 74 ، ایم کیو ایم کے 42، پی ایس پی 35، (ق) لیگ 34 اور جے یوآئی کے 25 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اس کے علاوہ 659 آزاد امیدوار بھی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں قسمت آزمائی کی۔