فیس بک نے صارفین کیلئے ''سمارٹ عینک'' متعارف کرا دی

01:32 PM, 12 Sep, 2021

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی فیس بک نے بالاخر طویل انتظار کے بعد اپنی ''سمارٹ عینک''متعارف کرا دی ہے۔ صارفین فیس بک کی اس پراڈکٹ کا کافی عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ یہ عینکیں مشہور زمانہ برانڈ رے بین کیساتھ مل کر تیار کی گئی ہیں۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ فیس بک کے سائنسدان اس پر کافی عرصے سے کام کر رہے تھے۔ اس کا مقصد ٹیکنالوجی کی مدد سے نت نئی چیزیں ایجاد کرنا ہے تاکہ لوگوں کا سمارٹ فونز پر انحصار کم ہو جائے۔ فیس بک انتظامیہ  اس کے علاوہ دیگر منصوبوں پر بھی کام کر ر ہی ہے۔

فیس بک کی اس پراڈکٹ کو ''رے بین سٹوریز سمارٹ گلاسز'' کا نام دیا گیا ہے جو دیکھنے میں تو عام عینکیں ہیں لیکن اس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسی ڈیوائسز منسلک کی گئی ہیں جس نے انھیں سمارٹ فونز کی تمام خوبیوں کا مالک بنا دیا ہے۔

فیس بک کی ان سمارٹ عینکوں میں کیمرے موجود ہیں جن سے فوٹوز اتاری جا سکتی ہیں بلکہ ان میں ویڈیوز بنانے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔

اس کے علاوہ اس میں صارفین کی سہولت کیلئے پلے سٹور بھی دیا گیا ہے جس سے گانے سنے جا سکتے ہیں، اسی عینک کیساتھ سپیکر بھی منسلک ہیں جو کالز سننے کیلئے بھی استعمال ہونگے۔

تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ پہلے ان سمارٹ عینکوں کو کسی اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ڈیوائس سے جوڑا جائے۔

مزیدخبریں