ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز میں ساتویں بلدیاتی انتخابات کا دنگل سج گیا  

07:44 AM, 12 Sep, 2021

اسلام آباد: ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کیلئے پولنگ سٹیشنوں پر سامان کی ترسیل کر دی گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں امن امان کے قیام کے لئے فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔ پولنگ سٹیشنوں میں اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ غیر مطلقہ افراد کو پولنگ سٹیشن کے اندر جانے پر پابندی لگا دی گئی یے۔ پولنگ صبح آٹھ بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک پولنگ جاری رہے گی.

42 کنٹونمنٹ بورڈز میں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ 21 لاکھ 97 ہزار 741 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے 180، ن لیگ کے 143 اور پیپلز پارٹی کے 112 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔

کراچی میں 6 کنٹونمنٹ اور 42 وارڈز ہیں لیکن یہاں کوئی بھی جماعت تمام سیٹوں پر امیدوار نہیں اتار سکی ہے۔ پی ٹی آئی نے کراچی میں سب سے زیادہ 41 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ کراچی میں پیپلز پارٹی 40، جماعت اسلامی 38، ایم کیو ایم کے 32 امیدوار ہیں۔

لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ میں 10، 10 وارڈز ہیں، 20 نشستوں پر 268 امیدوار مدمقابل ہیں۔ لاہور کنٹونمنٹ میں 110، والٹن میں 158 امیدوار ہیں، ن لیگ اور پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ پولنگ کے اختتام پر پریذائیڈنگ افسران گنتی کے فوراً بعد نتائج کا اعلان پولنگ سٹیشن پر کرینگے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹس انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ صوبائی حکومتوں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ جات نصب کرنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے پولنگ سٹیشن پر پولیس تعینات ہو گی جبکہ پولنگ سٹیشنوں کی حدود کے باہر رینجر اور ایف سی بھی تعینات ہو گی۔ پولنگ کے اوقات کار صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔

پولنگ کے اختتام پر پریذائیڈنگ افسران گنتی کے فوراً بعد نتائج کا اعلان پولنگ سٹیشن پر کریں گے جبکہ ریٹرنگ آفیسر صاحبان ہر وارڈ کے نتائج کی تکمیل کے بعد فوری طور پر غیر حتمی نتائج کا اعلان کریں گے ۔

تمام پولنگ ایجنٹوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نتیجہ کی کاپی پریذائیڈنگ آفیسر سے حاصل کریں ۔ تمام الیکشن ایجنٹ یاامیدوار غیر حتمی نتیجہ کی کاپی بھی متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے حاصل کریں۔

مزیدخبریں