بھارت اور چین کا سرحدی کشیدگی میں کمی لانے پر اتفاق

10:19 AM, 12 Sep, 2020

بھارت اور چین کا سرحدی کشیدگی میں کمی لانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

چینی ریاستی کونسلر وانگ یی اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ماسکو میں ہونے والی ملاقات کے بعد مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک میں پانچ نکات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے جس میں رضامندی ظاہر کی گئی ہے کہ موجودہ سرحدی صورتحال ان کے مفادات میں نہیں ہے اور دونوں فریقین کی فوج کو فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنا چاہیے۔یہ اتفاق رائے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ہوا اور یہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ہفتے ہی مغربی ہمالیہ کے سرحدی علاقے میں بھارت اور چینی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔

اس ضمن میں چین کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اور بھارت کے تعلقات ایک بار پھر فیصلہ کن موڑ پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک دونوں ممالک اپنے تعلقات کو صحیح سمیت میں آگے بڑھاتے رہیں گے تب تک کوئی پریشانی نہیں ہو گی۔دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے چین کو واضح کردیا کہ وہ ایل اے سی پر جاری کشیدگی کو مزید بڑھانا نہیں چاہتا ہے۔

مزیدخبریں