اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہلی سے متعلق کیس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری اور الیکشن کمیشن سمیت وزارت قانون کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فواد چوہدری نے جہلم کی زمین کو گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا اس لیے وہ صادق و امین نہیں رہے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کون سا انسان صادق اور امین ہو گا؟
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے خواجہ آصف کو نا اہل کیا لیکن سپریم کورٹ نے انہیں بحال کر دیا، مثال سامنے ہے تاہم عدلیہ کو بطور ادارہ سیاسی معاملات میں نہیں پڑنا چاہیے۔