نئی دہلی: مین کیڈنگ(Mankading) کی اصطلاح کرکٹ میں اس عمل کے لیے استعمال کی جاتی ہے کہ جب کوئی چالاک باﺅلر بال پھینکنے کی بجائے کریز چھوڑکر آگے نکلنے والے بیٹسمین کو رن آﺅٹ کر دیتا ہے۔ مین کیڈنگ کے اس عمل نے کرکٹ کے حسن کو گہنا دیا ہے۔
مین کیڈنگ آخر شروع کہاں سے ہوئی؟ انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ کی تاریخ میں سب سے پہلے مین کیڈنگ بھارتی کرکٹر وینومین کیڈ نے 1947ءمیں سڈنی میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران کی،اسی لیے اس عمل کو وینو مین کیڈ کے نام کے ساتھ ہی منسوب کر دیا گیا اور اسے مین کیڈنگ کہا جانے لگا۔ بھارت یہ ٹیسٹ میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیل رہا تھا، اس وقت آسٹریلوی بیٹسمین بل براﺅن (Bill Brown) بیٹنگ کر رہے تھے۔
ابھی وینو نے بال پھینکی بھی نہیں تھی کہ براﺅن اپنی کریز چھوڑ کر سکور لینے کے لیے نکل گئے، اور وینو نے موقع پا کر بال پھینکنے کی بجائے وکٹ پر دے ماری، اور یوں براﺅن کو رن آﺅٹ کر دیا۔ اس کے بعد اب تک کرکٹ کی تاریخ میں مزید 7کھلاڑی مین کیڈنگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔