انتظار کی گھڑیاں ختم: آئی فون 8 ، آئی فون ایکس اور ایپل واچ سمیت مختلف مصنوعات متعارف

11:52 PM, 12 Sep, 2017

کیلی فورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا کی مایہ ناز امریکی کمپنی ایپل نے اپنے سب سے بہترین سمارٹ فون ایپل ”آئی فون 8“ اور آئی فون ایکس“ متعارف کروادیے۔ اس کے ساتھ ہی ایپل نے اپنی دوسری شاندار مصنوعات جدید ایپل ٹی وی ، ایپل واچ اور وائرلیس ائیرپوڈ ہیڈ فون بھی متعارف کروائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلفورنیا کے ایپل پارک میں اس حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس کی میزبانی ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کوک نے کی۔ اس تقریب کا سب سے بہترین سمارٹ فون ایپل”آئی فون ایکس “ ہے جسے آئی فون کی دسویں سالگرہ پر خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ۔ اس سمارٹ فون میں پہلی بار ہوم بٹن کو ہوم سکرین سے نکال دیا گیا ہے جبکہ پہلی بار ہی او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کو ڈسپلے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔5.8 انچ کے اس لگ بھگ بیزل لیس فون میں تھری ڈی ٹچ موجود ہے جبکہ کمپنی کے مطابق 458 پکسل فی انچ کا ریشو ہے اور یہ ایچ ڈی آر ویڈیو کو سپورٹ کرتا ہے۔اسی طرح فون کو چہرے سے بھی ان لاک کیا جاسکتا ہے اور اسے فیس آئی ڈی کا نام دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق ملی سیکنڈز میں ڈیوائس کو ان لاک کرنے والی ٹیکنالوجی ہے۔یہ  ایپل کا فلیگ شپ فون 999 امریکی ڈالر کے عوض 3 نومبر سے دستیاب ہوگا۔ 


آئی فون 8 اور آئی فون 8 پلس:
 ایپل کی جانب سے تقریب کے دوران آئی فون 8 اور آئی فون 8 پلس متعارف کروائے گئے جو کہ ایپل آئی سیون اور سیون پلس کے اپ ڈیٹ ورژن ہیں، آئی فون ایٹ اور ایٹ پلس اگیومینٹڈ ٹیکنالوجی سے لیس اس کمپنی کے پہلے فونز ہیں، جن میں فور ایس کی طرح گلاس بیک دی گئی ہے، تاہم ان میں ہوم بٹن موجود ہے۔ اہم ترین بات یہ ہے کہ ایپل نے اپنی تاریخ میں پہلی بار آئی فون ڈیوائسز میں وائرلیس چارجنگ کے فیچر کو بھی متعارف کرایا۔آئی فون ایٹ اور ایٹ پلس میں ایپل کے نئے اے الیون بائیونک پراسیسر دیا گیا ہے جو کہ سکس کور ہے، یعنی یہ گزشتہ سال کے ماڈلز کے مقابلے میں 70 فیصد تیز ہیں۔

اس کے علاوہ آئی فون ایٹ میں 12 میگا پکسل کا ایک جبکہ جبکہ آئی فون ایٹ پلس ڈوئل 12 میگا پکسل کے دو کیمرے دیئے گئے ہیں۔ان فونز میں کمپنی کے نئے آئی ایس پی کو دیا گیا ہے جس سے کیمرہ کم روشنی میں تیزی سے آٹو فوکس کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوگئے ہیں، بہتر پکسل پراسیسر اور پہلی بار ہارڈوئیر ملٹی بینڈ نوائز رڈکشن جیسے فیچرز دیئے گئے ہیں۔آئی ایس پی ایپل کا فوٹوگرافی کے لیے خفیہ ہتھیار ہے اور یہ مشین لرننگ فیچر تصاویر کو بہتر بنانے کا کام کرتا ہے۔


ایپل کا دعویٰ ہے کہ آئی فونز کی ویڈیوز کا فیچر اس وقت کسی بھی سمارٹ فون کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے۔آئی فون ایٹ اور آئی فون ایٹ پلس 64 جی یا 256 جی بی کے ورژن میں دستیاب ہوں گے ، کمپنی کے مطابق آئی فون ایٹ کی قیمت 699 ڈالرز جبکہ آئی فون ایٹ پلس کی 799 ڈالرز سے شروع ہوگی، جن کے پری آرڈر پندرہ ستمبر جبکہ بائیس ستمبر سے یہ صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ایپل واچ: 

اس کے ساتھ ہی کمپنی نے اپنی جدید ایپل واچ بھی متعارف کروائی ۔ کمپنی کے سی ای او ٹم کک کا کہنا تھا کہ ایپل واچ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گھڑی ہے اور اس نے رولیکس، فوسل، امیگا اور دیگر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ اس کی فروخت میں گزشتہ ایک سال کے دوران پچاس فیصد اضافہ ہوا۔اس نئی گھڑی میں فور جی ایل ٹی سیلولر کنکشن دیا گیا ہے اور اب فون کال کے لیے آئی فون سے کنکٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔کمپنی کے مطابق پہلے سے بہتر وائی فائی کے ساتھ اس کا حجم گزشتہ سال کے ماڈل جتنا بھی ہے۔

کمپنی کے مطابق ایپل واچ کے لیے آپریٹنگ سسٹم واچ او ایس فور انیس ستمبر سے ڈاون لوڈ کے لیے دستیاب ہوگا۔اس ایپل واچ جسے ایپل واچ سیریز تھری کا نام دیا گیا ہے، میں ایک الیکٹرونک سم کارڈ دیا جائے گا۔اسی طرح سیلولر کنکشن سے ایپل واچ پر ایپل میوزک سے براہ راست موسیقی کو بھی اسٹریم کیا جاسکے گا، جبکہ پہلی بار ڈیجیٹل اسسٹنٹ سری کو بھی استعمال کیا جاسکے گا۔اس گھڑی کی قیمت 329 ڈالرز سے شروع ہوگی اور یہ بغیر سیلولر فنکشن والی گھڑی ہوگی جبکہ سیلولر کنکشن کے ساتھ اس کی قیمت 399 ڈالرز سے شروع ہوگی، اور یہ مختلف ممالک میں 22 ستمبر سے دستیاب ہوگی۔

ان تمام مصنوعات کے ساتھ ہی کمپنی نے اپنا جدید ”ایپل ٹی وی“ متعارف کروایا ۔ یہ ٹی وی ”4 کے “ اور ”ایچ ڈی آر“ ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جسے ”ایپل ٹی وی 4 کے“ کا نام دیا گیا۔ نئے ایپل ٹی وی کی قیمت 179 ڈالرز سے شروع ہوگی جبکہ یہ ٹی وی بھی 22 ستمبر سے دستیاب ہو گا۔

مزیدخبریں