لاہور: سول جج فیصل نسیم میر نے فلمسٹار نور کے خلع کے دعوے پر سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ نور نے ولی خان سے مصالحت کرنے سے انکار کر دیا۔ سول جج فیصل نسیم میر کی عدالت میں فلمسٹار نور نے ولی خان سے خلع کی بنیاد پر طلاق لینے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔
عدالت نے نور اور ولی خان کو عدالت میں مصالحت کے لئے طلب کیا، دونوں کو ایک کمرے میں بیٹھا کر مصالحت کا موقع دیا گیا۔ ولی خان کافی دیر نور کو منانے کی کوشش کرتا رہا لیکن نور رضا مند نہ ہوئیں، بعد میں اس نے عدالت میں بیان قلمبند کرایا کہ وہ کافی عرصے سے آگ میں جل رہی ہیں، بہت موقع دیئے کہ ولی خان کے ساتھ اچھا وقت گزر جائے لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکیں، اب وہ ولی خان سے مصالحت نہیں کرنا چاہتیں، خلع کی بنیاد پر ڈگری جاری کی جائے۔
وکلا نے مصالحت کے لیے دوبارہ موقع دینے کی استدعا کی لیکن نور نے عدالت میں صاف انکار کر دیا، عدالت نے فیصلہ بیس ستمبر تک محفوظ کرلیا۔ آئندہ تاریخ پر عدالت نور کے بیان کی روشنی میں فیصلہ جاری کرے گی، عدالت میں پیشی کے موقع پر نور نے برقع پہن رکھا تھا۔