اسلام آباد: تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو فارن فنڈنگ پارٹیاں قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی جانب سے مسلم لیگ ن جبکہ شریں مزاری کی جانب سے پیپلز پارٹی کو فارن فنڈنگ پارٹیاں قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو دونوں جماعتوں کے فنڈز کی تحقیقات اور انتخابی نشان واپس لینے کا حکم دیا جائے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے غیر ملکی اور ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل کئے الیکشن کمیشن میں فنڈز کی تفصیلات جنرل سیکرٹریوں نے جمع کرائیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے ن لیگ کو 10 کروڑ روپے کے فنڈز دیئے جس میں سے 4 کروڑ واپس لے لیے گئے۔ ن لیگ کی الیکشن کمیشن میں جمع تفصیلات میں ان فنڈز کا ذکر نہیں۔
دوسری درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے امریکا میں فارن فنڈنگ کیلئے نجی کمپنیوں سے معاہدے کر رکھے ہیں۔ درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ پیپلز پارٹی نے پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے بھی فنڈز لیے ہیں۔ دونوں جماعتوں کو فارن فنڈنگ لینے پر فارن فنڈڈ پارٹیاں ڈیکلیئر کیا جائے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں