لندن: آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے پرنس ہیری امریکی اداکارہ میگن مارکل سے منگنی کا اعلان کرنے والے ہیں اور بہت جلد شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ برطانوی شہزادے پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی کے بعد پورے برطانیہ سمیت دنیا بھر کی نظریں اس بات پر لگی تھیں کہ آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے پرنس ہیری کب شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں اور اب لوگوں کا انتظار ختم ہوا پرنس ہیری اور امریکی اداکارہ میگن مارکل نے منگنی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور بہت جلد شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 32 سالہ پرنس ہیری اور 36 سالہ اداکارہ میگن مارکل ایک دوسرے کے قریبی دوست ہیں اور کافی عرصے سے دونوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری تھا۔ منگنی کا اعلان کرنے کے بعد دونوں 23 ستمبرکو باضابطہ طور پر پہلی بار عوام کے سامنے آئیں گے۔ رپورٹس کے مطابق 23 ستمبر کے بعد میگن لندن میں اپنا قیام بڑھا دیں گی اور زیادہ تر وقت بکنگھم پیلس میں اپنے سسرالیوں کے ساتھ گزاریں گی۔
یاد رہے کہ پرنس ہیری اوراداکارہ میگن اگست میں منگنی کرنے والے تھے لیکن لیڈی ڈیانا کی برسی کے باعث منگنی کا پروگرام موخر کر دیا گیا لیکن اب اطلاعات ہیں کہ دونوں رواں ماہ کے آخر میں منگنی کریں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں