سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کاکہنا ہےکہ 15اکتوبر کی یلغار روکنے کیلئے ریاست پوری طاقت استعمال کرے گی۔خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہاکہ 15اکتوبر کی یلغار روکنے کیلئے ریاست پوری طاقت استعمال کرے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے بارے خود اندازہ لگا لیں کہ یہ کس طرف سے کھیل رہےہیں، بانی پی ٹی آئی نے اپنے مفادات کو پاکستان پر ترجیح دی ہے
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری عدالتوں نے بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا ہے، جتنے ریلیف بانی پی ٹی آئی کو ملے ہیں وہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو بھی ملنے چاہئے تھے ، اسلام آباد پر یلغار پر سو موٹو ایکشن کیوں نہیں لیا گیا، پاکستان اور بانی تحریک انصاف کا تنازعہ ہے اس میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک صوبہ اسلام آباد پر یلغار کرتا ہے، آخری لمحات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا غائب ہوگئے، پی ٹی آئی والے دہشتگردی کے واقعے کی مذمت تک نہیں کرتے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان میں ہزاروں دہشتگرد لاکر بسائے، پی ٹی آئی کا کوئی رہنما شہدا کے جنازوں میں نہیں جاتا، یہ 9مئی دوبارہ برپا کرنا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال دی ہے، یہ آگے بھی ہوسکتی ہے، 15 کو احتجاج کی کال ملک کی سالمیت پر حملہ ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایک وزیراعلیٰ نے صوبے کی تمام تر مشینری وفاق کیخلاف استعمال کی، ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم سعید نے کہا تھا کہ یہ اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔ شخصیات کا وجود آنا جانا ہوتا ہے، ان کے ذہن میں پاکستان کا کوئی وجود نہیں جس کے اندر بانی پی ٹی آئی حکمران نہ ہو۔شاندانہ گلزار نے کہا کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں ، پوری جماعت اس نعرے کی پیروی میں ہے جس کی مثال اس احتجاج کی کال ہے۔