اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نےکہا کہ ادارے کی معاونت کے بغیر جعلی شناختی کارڈ کا اجراء ممکن ہی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئر مین نادرا نے یہ انکشاف کیا کہ ان کی تنظیم کا کچھ عملہ جعلی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے اجراء میں ملوث تھا۔
چیئر مین نادرا نے یہ انکشاف سینیٹر محسن عزیز کے زیر صدارت سینیٹ کی کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں کیا جب اجلاس میں جعلی شناختی کارڈز، شہریوں کے فیملی ڈیٹا کی بلیک مارکیٹ میں دستیابی اور ایک ہی شناختی کارڈ پر متعدد سموں کے اجراء کا معاملہ اٹھایا گیا جو کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو رہی ہیں۔
چیئرمین نادرا نے قانون سازوں کو بتایا کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، اب تک تقریباً 84 اہلکاروں کو معطل کیا جا چکا ہے۔
نادرا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کا کہنا تھا کہ پرائیویسی کے معاملات سے نمٹنے کے لیے قانون کی عدم موجودگی کی وجہ سے ملازمین سزا سے بچ جاتے ہیں۔