ورلڈ کپ،ذکاء اشرف پاک بھارت میچ دیکھنے بھارت روانہ

11:10 AM, 12 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی دعوت پر چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ  مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف بھارت روانہ ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ذکاءاشرف لاہور سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے جہاں سے وہ بھارت جائیں گے اور 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والے ہائی وولٹیج پاک بھارت مقابلہ دیکھیں گے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی بھارت میں قیام کے دوران بی سی سی آئی اور حکومتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔


گزشتہ روز ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا کو بھارتی ویزوں کے اجراء کی تصدیق کے بعد بھارت جانے کا فیصلہ کیا، اس سے قبل بھارت جانے کا پروگرام مؤخر کر دیا تھا، خوشی ہے دفتر خارجہ کے ساتھ ویزے میں تاخیر پر مثبت پیشرفت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، ذکاء اشرف نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل ٹیم کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بے خوف ہو کر کھیلیں۔

مزیدخبریں