ٖ
غزہ: اسرائیل فلسطین جنگ چھٹے روز بھی جاری ہے، اسرائیل کے غزہ پر پر تشدد حملے جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملے سے اقوامِ متحدہ کے 9 ملازمین بھی مارے گئے، غزہ کے علاقے خان یونس میں گھر پر اسرائیلی بمباری کے بعد وہاں سے 7 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز سے محصور پٹی پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1100 ہو گئی ہے جبکہ 5 ہزار زخمی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے حماس کی بحری فوج کے رہنما محمد ابو شاملہ کو ہلاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک فلسطینی ایمبولینس ڈرائیور لاشوں کے انبار دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔
حماس کے حملے میں مارے گئے افراد کی مزید لاشیں برآمد ہونے کے بعد ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 220 ہو گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حماس کے الاقصیٰ آپریشن میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1300ہو گئی ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیل نے غزہ پر زمینی حملے کی تیاری بھی کر لی ہے اور 3 لاکھ صہیونی فوجی، ٹینک اور بھاری فوجی ساز و سامان سرحد پر پہنچا دیا گیا ہے
اسرائیل پر حماس کے حملوں میں امریکا نے اپنے 22 شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کو امریکی صدر نے 14 امریکیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم اب یہ تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب جرمنی نے اپنے 5 ہزار شہریوں کو اسرائیل چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حماس کی جانب سے اسرائیل پر جوابی کارروائی کی گئی تھی اور اس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں۔