ٹائٹن آبدوز پھٹنے کے چار ماہ بعد بقیہ ملبہ اور انسان باقیات نکال لی گئیں

09:06 AM, 12 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن:امریکی کوسٹ گارڈ  کا کہنا ہے کہ انجینیئرز نے ٹائٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے کے لیے زیر سمندر تفریحی سفر کے دوران جون میں تباہ ہونے والی ٹائٹن آبدوز کا بقیہ ملبہ اور مبینہ طور پر انسانی باقیات بحر اوقیانوس کی تہہ سےنکال لی ہیں۔

 حکام کے طابق امریکی کوسٹ گارڈ  اور میرین بورڈ آف انویسٹی گیشن (MBI) کے ساتھ میرین سیفٹی انجینئرز  نے  ٹائٹن کے پھٹنے کے مقام سے بقیہ ملبہ بشمول ممکنہ انسانی باقیات کو برآمد کر لیا ہے۔

ٹائٹن آبدوز کا ملبہ، جون میں کینیڈین کوسٹ گارڈ کے ذریعے اتارے جانے والے ٹائٹینک کے ملبے کے قریب سمندر کے فرش سے برآمد ہوا (تصویر: اے پی)

 کوسٹ گارڈ نےکہا کہ ٹائٹن کے ملبے کے اندر سے اضافی مبینہ انسانی باقیات کو احتیاط سے برآمد کیا گیا اور امریکی طبی ماہرین کے تجزیہ کے لیے منتقل کیا گیا۔جون کے آخر میں بھی کچھ ملبہ اور ممکنہ انسانی باقیات برآمد ہوئی تھیں۔

جہاز کا ٹائٹینیم اینڈ کیپ جس کا 18 جون کو ڈوبنے کے تقریباً 105 منٹ بعد  رابطہ منقطع ہو  گیا تھا (تصویر: اے پی)

یاد رہے کہ  ٹائٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے کے لیے زیر سمندر جانے والی ٹائٹن آبدوز میں اوشیئن گیٹ کمپنی کے سی ای او، ایک برطانوی ارب پتی مہم جو، ایک فرانسیسی ڈائیور کے علاوہ پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان سوار تھے۔ یہ تمام افراد اس واقعے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں