سہ ملکی سیریز، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دیدی

10:56 AM, 12 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

کرائسٹ چرچ: سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دے دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں 208 رنز سکور کئے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔ 
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن 70 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ لٹن داس اور سومیاسرکار نے 23 ، 23 رنز بنائے اور نجم الحسن شنتو 11 رنز بنا سکے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ ٹم ساؤتھی اور مائیکل بریس ویل 2,2 وکٹیں حاصل کر سکے۔ 
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیوون کانوے کے 64 رنز اور گلین فلپس کے جارحانہ 60 رنز کی بدولت بنگال ٹائیگرز کو جیت کیلئے 209 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ڈیوون کانوے نے 40 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فن ایلن نے 19 گیندوں پر 32 اور مارٹن گپٹل نے بھی 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سیف الدین سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 37 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور اور عبادت حسین نے 4 اوورز میں 41 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے 3 میچز ہار چکی ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں دو دو میچز جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

مزیدخبریں