ویانا: آسٹریا کے دارالحکومت میں نئے چانسلر الیگزینڈر شالین برگ (ÖVP) نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد عوام سے پہلا مختصر خطاب کیا۔
شالین برگ نے چانسلر کی حیثیت سے اپنے پہلے خطاب میں یہ واضح کیا کہ وہ سبسٹین کرز کے ساتھ یقینا بہت قریب سے کام کریں گے کیونکہ وہ مضبوط ترین پارلیمانی پارٹی کے چیئرمین اور کلب لیڈر ہیں۔ شالین برگ نے کہا کہ سابق چانسلر پر لگے الزامات کو غلط سمجھتا ہوں اور حکومت کو کامیاب بنانے کے لیے سب سے بڑھ کر باہمی احترام اور اعتماد کی ضرورت ہے جبکہ ہمیں ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چانسلر کے طور پر حلف اٹھانا ایک "اعزاز" ہے جس کی میں نے کبھی توقع نہیں کی تھی اور جس کی میں نے کبھی خواہش بھی نہیں کی۔ نئے چانسلر شالین برگ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اب جس چیز کی ضرورت ہے وہ ذمہ داری اور استحکام ہے ۔
آسٹریا کے نئے چانسلر الیگزینڈر شالین برگ اس سے قبل ملک کے وزیر خارجہ کے منصب پہ فائز رہ چکے ہیں۔ امریکی جریدے کے مطابق ملک کے مستعفی چانسلر سبسٹین کرس پر بدعنوانی کے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ اس ضمن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے سیاسی جماعت بنا کر الیکشن خریدے ہیں جو نہایت خوفناک ہے۔
آسٹریا کے مستعفیٰ چانسلر نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ان کے لیے ملک اپنی ذات سے زیادہ اہم ہے جس کی وجہ سے وہ منصب سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں تاکہ جاری انارکی کا خاتمہ ہو۔