لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو مقامی ہوٹل میں کورونا وائرس پروٹوکولز پر بریفنگ دی گئی جبکہ کھلاڑیوں کی تیسری ٹیسٹنگ 13 اکتوبر کو ہو گی۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے میگا ایونٹ کیلئے خصوصی کوویڈ 19 پروٹوکولز ترتیب دیئے ہیں اور انہی پروٹوکول کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب سومرو نے قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو میڈیکل پروٹوکولز پر بریفنگ دی۔
پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹرز کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں جاری ہے جہاں پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے دونوں کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے رزلٹ منفی آئے ہیں اور تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 13 اکتوبر کو ہو گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں شروع ہو رہا ہے جس میں پاکستان کا پہلا میچ روائتی حریف بھارت کے خلاف ہو گا جو 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔