لاہور: پنجاب حکومت نے پرائیویٹ سکولوں کو ریگولیٹ کرنے کی تیاریاں کر لی ہیں اور اس مقصد کیلئے پنجاب پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کا بل تیار کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی پرائیویٹ سکولوں کو کنٹرول کرے گی اور محکمہ سکول ایجوکیشن نے اس مقصد کیلئے تیار کردہ مجوزہ منظوری کیلئے کابینہ کو ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے فیسوں میں اضافے کو کنٹرول کرنے کیساتھ ساتھ فیس کے علاوہ اضافی چارجز کی وصولی کو کنٹرول کیا جائے گا۔
مذکورہ اتھارٹی کو پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کارروائی کا مکمل اختیار ہو گا اور یہ اتھارٹی کسی بھی قانون کی خلاف ورزی پر پرائیویٹ سکولوں کے خلاف قانونی کارروائی کرسکے گی جبکہ اس بل میں اساتذہ کے تحفظ کیلئے شق بھی شامل ہے۔