یو اے ای کا ماحول موزوں، قومی ٹیم کا ریکارڈ بھی بہترین، میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے: بابراعظم

02:16 PM, 12 Oct, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے متحدہ عرب امارات( یو اے ای) کے ماحول کو قومی ٹیم کیلئے موزوں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں ہمارا ریکارڈ بہترین ہے تاہم مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں اچھے نتائج کیلئے مثبت کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ 
بابراعظم نے کہا کہ ہم نے امارات کے میدانوں پر تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے ناصرف عالمی نمبر ایک ٹیم کا اعزاز حاصل کیا بلکہ متعدد کھلاڑیوں نے انفرادی اعزازات بھی حاصل کئے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یو اے ای کا ماحول پاکستانی ٹیم کیلئے پوری طرح سازگار ہے۔ اگرچہ ہم یہاں کھیل کر عالمی نمبر ایک بنے ہیں مگر ٹی 20 ورلڈکپ میں اچھے نتائج کیلئے دیگر ٹیموں کی طرح مثبت کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ 
بابراعظم نے قومی ٹیم کی کمزوریوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مڈل آرڈر اور ڈیتھ باﺅلنگ کے شعبوں میں مشکلات سے دوچار ہیں اور اس حوالے سے حالیہ کوششیں بھی ناکام ہوئیں مگر یہ کھیل کا حصہ ہے۔ ورلڈکپ کا مثبت پہلو یہی ہے کہ میں امارات کی وکٹوں اور کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہوں لہٰذا ان میدانوں پر بہترین ریکارڈ میرے لئے بہت مدد گار ثابت ہوگا اور گرین شرٹس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید کرکٹ میں بیشتر ٹیمیں مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتی ہیں اور پاکستانی ٹیم کو بھی اس سوچ کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے اور اگر اس پر عملدرآمد کر لیا تو کامیابی بھی ضرور ملے گی۔ 
محمد رضوان کیساتھ اوپننگ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محض سٹرائیک ریٹ کی خاطر زیادہ دیر تک کھیلنا ممکن نہیں ہوتا لہٰذا کوشش ہوتی ہے کہ اپنا کھیل تبدیل کئے بغیر رنز کی فراہمی ممکن بناتے رہیں اور ہم میں سے کوئی ایک اننگز کے بیشتر حصے میں کریز پر موجود رہے۔ 

مزیدخبریں