لاہور: مسلم لیگ (ن ) کے رہنما پرویز ملک کی نمازی جنازہ ادا کردی گئی ۔ پرویز ملک کو میانی صاحب قبرستان میں ان کی والدہ کے قدموں میں سپردخاک کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق نماز جناز میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ، چیف جسٹس لاہور یائیکورٹ محمد امیر بھٹی ، جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار ، جسٹس ریٹائرڈ ملک قیوم ، احسن اقبال ، رانا ثنا اللہ ، ایاز صادق ، عطا تارڑ ، خواجہ عمران نذیر ، محسن نقوی ، سیف الملوک کھوکھر ، عطا تارڑ ، سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماؤں ، پارلیمنٹرینز ، وکلاء ، صنعتکاروں اور تاجروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پرویز ملک قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے تھے ۔ پارٹی قیادت نے مرحوم کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا تھا ۔
مرحوم پرویز ملک مسلم لیگ (ن) کے صدر اور رکن قومی اسمبلی تھے ۔ انہوں نے علالت کے باعث کچھ عرصہ سے سماجی اور سیاسی سرگرمیاں معطل کی ہوئی تھیں ۔
پرویز ملک کی پیدائش 18 نومبر 1947ء کو لاہور میں ہوئی تھی ، انہوں نے ابتدائی اور اعلیٰ تعلیم اسی شہر سے حاصل کی ۔ مرحوم قدیم درسگاہ ایچی سن کالج سے فارغ التحصیل تھے ۔ انہوں نے یہاں سے بی ایس سی آنرز کیا تھا ۔
خاندانی ذرائع کے مطابق پرویز ملک کو دل کا دورہ پڑا تھا ، انھیں طبعیت خراب ہونے کے باعث اکرم میڈیکل کمپلیکس میں لایا گیا تھا ، ان کا فوری علاج شروع کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے ۔
پرویز ملک مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں 2017ء سے 2018ء تک ٹیکسٹائل اور کامرس کے وزیر بھی رہے ۔ مرحوم پانچ مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔
مریم نواز نے پرویز ملک کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شفیق اور بے داغ انسان تھے ، ان کی وفات کا سن کر شدید دھچکا لگا ۔ مرحوم مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ اور قائد نواز شریف کے دیرینہ اور باوفا ساتھی تھے ۔ میری دعائیں اور دلی جذبات شائستہ پرویز ، علی پرویز اور تمام اہلخانہ کے ساتھ ہیں ، اللہ ان کی آخری منزلیں آسان فرمائے اور جوار رحمت میں جگہ دے ۔