پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے پڑوسی ممالک سے متعلق بیان کو مسترد کر دیا

09:48 PM, 12 Oct, 2020

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے پڑوسی ممالک سے متعلق بیان کو مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے پاکستان اور چین پر سرحدی تنازعات کا الزام لگایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان آرایس ایس، بی جے پی حکومت کے بیانیےکا ثبوت دیتا ہے۔ یہ بھی ہندوستانی حکومت کے پاکستان کے ساتھ ناقابل برداشت جنون کا ایک اور مظہر ہے۔

زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان پاک چین دوستی کے خلاف بھارت کے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کی مذمت کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کے خلاف الزامات لگانے والا بھارت خود ریاستی دہشتگردی کا ڈھٹائی کا مظاہرہ کرنے والاملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس، بی جے پی حکومت خطے کا امن، استحکام اور سلامتی کو درہم برہم کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے الزام لگایا کہ پاکستان اور چین ایک مشن کے تحت 'بھارت کے ساتھ' سرحدی تنازعات کو 'پیدا کرنے' پر کام کر رہے ہیں۔

راج ناتھ سنگھ نے مذکورہ بیان مقبوضہ کشمیر، لداخ، اروناچل پردیش، ہماچل پردیش، سکم، اتراکھنڈ اور بھارتی پنجاب سمیت پاکستان اور چین کے ساتھ واقع بھارت کی سرحدوں کے قریبی علاقوں میں تعمیر کیے جانے والے 44 پلوں کے افتتاح کے موقع پر ورچوئل تقریب میں دیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق پلوں کا مقصد فوجیوں کی نقل و حرکت اور ہتھیاروں کی آمدورفت میں آسانی ہے۔ علاوہ ازیں راج ناتھ سنگھ نے اروناچل پردیش میں 'نیکیپو ٹنل' بھی لانچ کیا۔

بھارتی وزیر دفاع نے اپنے ورچوئل خطاب میں کہا کہ 'آپ ہمارے شمالی اور مشرقی سرحدوں کے ساتھ پیدا ہونے والی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے پاکستان اور اب چین بھی اور گویا کسی مشن کے تحت کوئی سرحدی تنازع پیدا کیا جارہا ہے۔ ہمارے پاس ان ممالک کے ساتھ 7 ہزار کلو میٹر کی سرحد ہے، جہاں تناؤ برقرار ہے۔ 

مزیدخبریں