سوڈان کا 40 رکنی وفد جلد اسرائیل کا دورہ کرے گا،عبرانی میڈیا

04:26 PM, 12 Oct, 2020

مقبوضہ بیت المقدس:اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ سوڈان کا ایک اعلی اختیاراتی وفد آئندہ ماہ اسرائیل کا دورہ کرے گا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق تل ابیب اور خرطوم کے درمیان رابطوں کے نتیجے میں سوڈان کا 40 رکنی وفد نومبر میں صہیونی ریاست کا دورہ کرے گا۔

اسرائیل کا دورہ کرنےوالے سوڈانی وفد میں کھلاڑی، فن کار، تاجر، سابق ارکان پارلیمنٹ اور مشہور سوڈانی کاروباری شخصیت ابو القسام برطم بھی شامل ہیں۔

قاسم برطم نے کہا کہ وہ اسرائیل کے غیر سرکار رہ نماﺅں سے رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال اس دورے کے حوالے سے حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

سوڈان کا موجودہ عبوری قانون خرطوم کو اسرائیل کے ساتھ دوروں سے منع نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ سوڈان کے غیر سرکاری دورہ اسرائیل کا مقصد دونوں ملکوں کےدرمیان تعلقات کے حوالے سے حائل اس نفسیاتی رکاوٹ کو توڑنا ہے.

جو سوڈان اور اسرائیل کے درمیان قربت کی راہ میں حائل ہے۔سابق رکن پارلیمنٹ نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے شہریوں کو سوڈان کے دورے کی اجازت دے۔

اس طرح کے دوروں سے دونوں قوموں کے درمیان قربت میں اضافہ ہوگا۔درایں اثنا سوڈان کے وزیر خارجہ عمر قمر الدین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کا معاملہ فی الحال زیرغور ہے۔

جب تک اس معاملے پر تفصیل کے ساتھ بحث نہیں کی جاتی اس وقت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ اس دورے کے حوالے سے سوڈان میں اسرائیل مخالف قوتوں نے مظاہروں کا اعلان کیا ہوا ہے ۔ ان کا کہناہےکہ وہ اسرائیل اور سوڈان کا دورہ کرنیوالے چالیس رکنی وفد کو کسی بھی صورت نہیں جانے دیں گے ۔ 

مزیدخبریں