تل ابیب:اسرائیل نے امریکہ کی جانب ایف 35 جدید جنگی طیارے قطر کو فروخت کرنے کی مخالفت کردی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے انٹیلی جنس وزیر نے خطے میں اسرائیلی فوجی برتری کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کی جانب سے قطر کو ایف 35 جنگی طیارے فروخت کرنے کی مخالفت کی جائے گی۔
اسرائیلی وزیر انٹیلی جنس ایلی کوہن کی جانب سے ایسے وقت پر بیان سامنے آیا ہے جب قطر نے واشنگٹن کو لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کے تیار کردہ اسٹیلتھ جیٹ خریدنے کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرائی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا مشرق وسطی میں جدید اسلحہ کی فروخت پر اسرائیل سے کوالٹیٹو ملٹری ایج کے تحفظ کے ایک اصول کی بنیاد پر مشاورت کرتا ہے۔تاہم ماضی میں دیکھا گیا کہ امریکا نے بعض امور پر اسرائیلی اعتراضات کو خاطر میں لاتے ہوئے جدید اسلحہ فروخت کیا۔
ایک سوال کے جواب میں اسرائیل کے انٹیلی جنس وزیر نے کہا کہ ہاں! ضرور ہم امریکا کی جانب سے قطر کو جدید جنگی طیارے فروخت کرنے کی مخالف کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں ہماری سلامتی اور فوجی برتری سب سے اہم چیزیں ہیں کیونکہ ہمارا خطہ ابھی سوئٹزرلینڈ میں تبدیل نہیں ہوا ہے۔