اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
تفصیل کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات کے اضافی عہدے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ نے اس بات کی تصدیق اپنے ٹویٹر اکائونٹ کے ذریعے کی۔
عاصم سلیم باجوہ نے لکھا کہ میں نے وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے اطلاعات کا قلمدان واپس لینے کی درخواست کی تھی جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے عاصم سلیم باجوہ کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے انھیں کام جاری رکھنے کو کہا تھا۔
وزیرِاعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ لیفٹینٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفی پیش کیا جو انہوں نے قبول نہیں کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عاصم سلیم باجوہ کو بطور معاون خصوصی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے معاون خصوصی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے سربراہ کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔