لاہور: گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ صحت مند قوم کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی بہت اہم ہے۔ حکومت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ ملک میں آنے والے پانی کے بحران پر کوئی بات نہیں کرتا۔
گورنر پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معاشی طور پر مضبوط ممالک کی خارجہ پالیسی بھی مضبوط ہوتی ہے۔ کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ گردشی قرضوں نے توانائی کے شعبے کو جکڑ رکھا ہے۔ ماضی میں درست منصوبہ بندی نہ ہونے سے گردشی قرضوں کا مسئلہ پیدا ہوا۔ حکومت کی تمام توجہ معیشت کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار معیشت پر ہے۔
چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی کے بارے میں بہت کم اچھے الفاظ کہتا ہوں۔ بیوروکریسی سے متعلق میرا لہجہ سخت ہی رہتا ہے۔ جو افسران بہتر کام کر رہے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف تھا کہ یونیورسٹیز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے جبکہ دوسرا ہدف یونیورسٹیز میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا تھا۔ پنجاب میں تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔