اسلام آباد: معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ کرپٹ گروہ روز نئی آڑ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے مال بنایا۔ وہ خود کرپشن کرتے رہے بلکہ شریفوں کے سہولت کار بھی تھے۔
شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اب جواب دہی سے بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کی وجہ سے قومی ایئر لائن خسارے میں اور ذاتی ایئر لائن منافع میں رہی۔ وہ بھارت میں کاروبار کرنے والی کمپنی سے پیسے وصول کرتے رہے۔ 637 ملین روپے سے زائد کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ایل این جی کے مہنگے معاہدوں کے ذریعے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے آج معصومیت کا سوانگ رچا رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی واویلا کرنے کے بجائے اپنی لوٹ مار کا حساب دیں۔
خیال رہے کہ رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے الزام عائد کیا ہے کہ نیب کا احتساب یکطرفہ ہے۔ نیب سیاستدانوں کو دبانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے آدھے سیاستدانوں پر بغاوت کے مقدمات درج ہیں، میں عمران خان کیخلاف بھی مقدمہ درج کرانا چاہتا ہوں۔ اگر اپوزیشن رہنماؤں پر مقدمات درج ہو سکتے ہیں تو عمران خان پر بھی ہو سکتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان اور نیب اکٹھے نہیں چل سکتے۔ نیب نے یکطرفہ احتساب کے نام پر پورے ملک میں تماشا لگا رکھا ہے۔ عدالتیں کہہ رہی ہیں کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کر رہا ہے۔ ہمارے کیسز میں کرپشن نہیں، اختیارات کے ناجائز استعمال کا ذکر ہے۔ عدالت کے پوچھنے پر بھی نیب جرم ثابت نہیں کر سکا۔ سرکاری افسران کو بلا کر مقدمے درج کرائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس ملک کے سب سے بے خبر آدمی ہیں۔ انہیں آٹے، چینی اور دوسری اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا علم نہیں، جو شخص جمہوری عمل سے نہیں آتا، وہ صرف دعوے کرتا ہے۔