فوج ایک آئینی ادارہ، ہمیشہ منتخب حکومت کیساتھ ہوتی ہے: شاہد خاقان عباسی

11:40 AM, 12 Oct, 2020

کراچی: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فوج ہمیشہ منتخب حکومت کے ساتھ ہوتی ہے کیوں کہ وہ ایک آئینی ادارہ ہے۔ وزیراعظم کو یہ کہنے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے کہ فوج میرے ساتھ ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کا احتساب یکطرفہ ہے، اسے سیاستدانوں کو دبانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے آدھے سیاستدانوں پر بغاوت کے مقدمات درج ہیں۔ پاکستان اور نیب اکٹھے نہیں چل سکتے۔

کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور نیب اکٹھے نہیں چل سکتے۔ نیب نے یکطرفہ احتساب کے نام پر پورے ملک میں تماشا لگا رکھا ہے۔ میں عمران خان کیخلاف بھی مقدمہ درج کرانا چاہتا ہوں۔ اگر اپوزیشن رہنماؤں پر مقدمات درج ہو سکتے ہیں تو ان پر بھی ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ شاہد خاقان نے اعلان کیا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ غداری کا سرٹیفکیٹ بانٹنے والے وزرا کہاں ہیں؟ حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے؟ یہاں تو آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو بھی غدار قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غدار وہ ہوتے ہیں جو سی پیک پر کام بند کرتے ہیں۔ وزیر اعظم غداری اور حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ نہ بانٹیں بلکہ عوام کے مسائل حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں کہہ رہی ہیں کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کر رہا ہے۔ ہمارے کیسز میں کرپشن نہیں، اختیارات کے ناجائز استعمال کا ذکر ہے۔ آج پھر نیب میں پیشی تھی، کیس حسب معمول نہیں چل سکا۔ عدالت کے پوچھنے پر بھی نیب جرم ثابت نہیں کر سکا۔ سرکاری افسران کو بلا کر مقدمے درج کرائے گئے۔

لیگی رہنما نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کے سب سے بے خبر آدمی ہیں۔ انہیں آٹے، چینی اور دوسری اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا علم نہیں، جو شخص جمہوری عمل سے نہیں آتا، وہ دعوے کرتا ہے۔ فوج ہمیشہ حکومت کے ساتھ ہوتی ہے، یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔

چند روز قبل اپنے ایک بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا پارٹی اجلاس سے خطاب میں تمام افراد سے اپیل کی تھی کہ وہ دو ماہ کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کیلئے خود کو وقف کردیں۔ کارکن باہر نکلیں کیونکہ ملک مشکل میں ہے۔ لیگی قائد نواز شریف نے راستہ دکھا دیا ہے، اب امتحان ہمارا ہے۔ توقع ہے کہ کارکنان پی ڈی ایم کے جلسوں کو کامیاب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا بیانیہ بڑا واضح ہے کہ عوام کی امانت ووٹ میں خیانت نہیں ہوگی۔ ہماری کسی سے جنگ نہیں ہے۔

مزیدخبریں