سولہ اکتوبر کو گوجرانوالہ کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ہوگا، رانا ثناء اللہ

سولہ اکتوبر کو گوجرانوالہ کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ہوگا، رانا ثناء اللہ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نااہل حکومت نے عوام کے ساتھ وعدے پورے نہیں کیے۔ گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کو ہونے والا جلسہ عوامی ریفرینڈم ہوگا۔

رانا ثناء اللہ کا لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مقدمہ میں 7 اے ٹی اے کا اطلاق سیاسی مقصد کے تحت کیا گیا۔ حکومت کا مقصد 16 اکتوبر کے جلسے پر اثر انداز ہونا ہے۔ پرامن احتجاج کا حق ملک کا آئین دیتا ہے۔ اپوزیشن کا فیصلہ ہے کہ نااہل کٹھ پتلی حکومت کو ہٹانا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں۔ عام آدمی کے لیے گھر کا بجٹ بنانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ عام آدمی کی آمدنی میں تو کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ ادویات کی قیمتیں 6 گنا بڑھ گئی ہیں۔ حکومت نے عوام کے ساتھ فراڈ اور دھوکا کیا ہے۔ نااہل حکومت نے عوام کے ساتھ وعدے پورے نہیں کیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسے کی ابھی تک اجازت نہیں ملی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجازت دینے یا نہ دینے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر اجازت نہ ملی تو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ جی ٹی روڈ پر ہوگا۔

خیال رہے کہ وہ جناح سٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی اجازت لینے سے متعلق ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے انتظامیہ پر واضح کر دیا ہے کہ سیکیورٹی کیلئے بہتر ہے جناح سٹیڈیم میں جلسہ ہو تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو جلسہ تو ہونا ہی ہے۔ اب یہ انتظامیہ کی صوابدید ہے کہ وہ پر امن جلسہ چاہتے ہیں یا سڑک پر احتجاجی ریلی؟

ادھر ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کی حامی بھر لی ہے۔ اس سلسلے میں لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو سے ملاقات کرے انھیں جلسے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔

یاد رہے کہ پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما جنرل احسن اقبال نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے تحت 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ، 18 اکتوبر کو کراچی، 25 اکتوبر کو کوئٹہ، 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔